تہران(نیوز ڈیسک)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے شام میں فوجی مداخلت کی حمایت اورشامی صدر بشارالاسد کے دفاع میں لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے پاسداران انقلاب کے افسروں اور سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سپریم لیڈر نے ان خیالات کا اظہار شام میں مارے جانے والے فوجیوں اور دوسرے جنگجوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر خامنہ ای کا کہنا تھا کہ شام میں ہمارے بہادر سپاہیوں اور افسروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے تاکہ وہاں کا دشمن ہمارے ملک میں نہ پہنچ پائے۔ اگر ہمارے یہ سپوت شام جا کر نہ لڑتے تو ہمیں دشمن کا مقابلہ ایرانی شہروں کرمان شاہ، ہمدان اور دوسرے علاقوں میں کرنا پڑتا۔