کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی میں ایئر پورٹ تھانے میں طیارہ سازش کیس کے بعد اب لیگی رہنماﺅں پر پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین پر فائرنگ کی سازش کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سہیل بلوچ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ نمبر انیس دو ہزار سولہ قانون کی دفعات تین سو دو ، تین سو چوبیس ، ایک سو بیس بی اور تین سو سینتیس کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں مجرمانہ سازش پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، سینیٹر مشاہد اللہ ، مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم ، ریٹائرڈ بریگیڈیئر آصف اور ماما قدیر کے نام بھی ڈالے گئے ہیں۔پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین پر دو فروری دو ہزار سولہ کو ایئر پورٹ تھانے کی حدود میں فائرنگ کی گئی تھی ، مقدمہ عدالتی حکم پر درج کیا گیا ہے۔ سولہ سال قبل سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف پر الزام تھا کہ انہوں نے 12 اکتوبر سنہ 1999 چیف آف آرمی سٹاف مشرف کے طیارے کا رخ موڑنے کا حکم دیا تھا۔ طیارہ سازش کیس میں میاں نواز شریف کے علاوہ میاں شہباز شریف، سید غوث علی شاہ، احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمن، ا±س وقت میاں نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی، سابق آئی جی سندھ رانا مقبول اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل امین اللہ چوہدری شامل تھے ، وزیراعظم نواز شریف طیارہ سازش کیس سے بری ہوچکے ہیں البتہ اب مسلم لیگ نواز کے اہم رہنماﺅں کے خلاف سازش کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔/