کراچی(نیوز ڈیسک)وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ممتاز جاکھرانی نے ٹرانسپورٹرز کے مطالبات وفاق کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کروا دی۔ سیلز ٹیکس میں اضافے اور مال بردار گاڑیوں سے لوٹ مار کے واقعات کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے یکم مارچ تک ہڑتال ختم کردی۔سندھ حکومت کی یقین دہانی، گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال یکم مارچ تک مو¿خر کردی۔ سیلز ٹیکس میں اضافے اور مال بردار گاڑیوں کے اغوا اور لوٹ مار کے واقعات سے تنگ ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام کیے تو صوبائی حکومت کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑگیا۔وزیر اعلیٰ ہاو¿س میں کمشنر کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ، ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز پر ٹیکسوں کی بھرمار ہے۔ اضافی ٹیکس کی واپسی کے لیے وفاق سے بات چیت کی جائے گی۔ گاڑیوں کے اغوا کو روکنے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو اسلحہ لائسنس بھی فراہم کیے جائیں گے۔گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث کراچی سمیت مختلف شہروں میں پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل رک گئی اور امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔