تہران (نیوز ڈیسک)ایران نے ایک بار پھر اپنے میزائل پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایرانی فوج کے جنرل چیف کا کہنا ہے کہ تہران کے میزائل پروگرام پر پابندیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر کسی صورت میں عمل درآمد نہیں کیا جا سکتا ہے، ایران میزائل پروگرام سے متعلق سلامتی کونسل کی شرائط قبول نہیں کرے گا۔ غےر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے جنرل چیف عطائ اللہ صالحی نے ایران کے خلاف عالمی قراردادوں کو کوئی اہمیت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ہم ان قراردادوں پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ایران کے میزائل سسٹم کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ جاری رہے گا۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عطاء اللہ صالحی نے کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام پر عالمی قراردادوں کی پابندی نہ کرنا جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنا میزائل پروگرام جاری رکھیں گے، کیونکہ یہ ملک کے دفاع کے لیے ناگزیر ہے۔ وقت کے ساتھ اس کی قوت اور صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام کسی پڑوسی یا دوست ملک کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے پچھلے ماہ 17 جنوری کو ایران کے میزائل پروگرام بالخصوص بیلسٹک میزائل سسٹم کو عالمی اور علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتےہوئے تہران پر نئی پابندیاں عاید کی تھیں۔ امریکا کی جانب سے تہران پر یہ پابندی ایک ایسے وقت میں عاید کی گئیں جب جوہری معاہدے پرعمل درآمد یقینی ہونے کے بعد عالمی سطح پر ایران پر عاید اقتصادی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔