کراچی(نیوز ڈیسک)پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی بند ہے ،معاملات جوں کے توں ہیں ،ائرپورٹس پر احتجاج دیکھنے میں آرہا ہے ، مسافروں کی پریشانی اور ایپرن پر کھڑے طیاروں کا آرام جاری ہے۔پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک آنے اور جانیوالی تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں ،پی آئی اے ملازمین کی مسلسل ہڑتال کے باعث پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہڑتال کے باعث پی آئی اے کے تمام دفاتر میں کام مکمل بند ہے،ٹکٹ کاونٹرز سمیت پی آئی اے کے تمام دفاتر میں اہلکار غائب ہیں۔ نجی ایئر لائن کی جانب سے ابھی تک پی آئی اے کے مسافروں کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔سیالکوٹ میں آج کویت سے آنے والی اور کراچی جانے والی پروازجبکہ سعودی عرب سے آنے والی اور اسلام آباد جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔فیصل آباد میں بھی جدہ سے آنے والی اور کراچی جانے والی دو فلائٹ منسوخ ہوئی ہیں۔سکھرمیں آج کی دو پروازیں منسوخ ہیں۔ہڑتالی ملازمین دفاتر کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔گلگت کی بھی ایک پرواز معطل ہے۔ادھر اسکردو میں پانچ روز میں پانچ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔پی آئی اے کے کسی جہاز کے اڑان نہ بھرنے سےچار ہزارسےزائد پاکستانی سعودی عرب میں پھنس گئے۔پاکستانی قونصل جنرل کہتے ہیں 900 افراد کو پاکستان بھجوا دیا۔آج مزید مسافر روانہ کئے جائیں گے حکومت اور پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات بے سود رہی۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کہتے ہیں مذاکرات پروازیں بحال ہونے کے بعد شروع ہوں گے۔ادھر چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہناہے کہ حکومت کی بات سن لی اس پر مشاورت کے بعد آج دوبارہ ملاقات کریں گے۔حتمی نتیجےپرپہنچنےتک فلائٹ آپریشن معطل رہےگا۔