کراچی(این این آئی) سندھ حکومت نے سابق وزیراعلی ارباب غلام رحیم کے خلاف مقدمات کی تیاری شروع کردی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے سابق وزیراعلیٰ کے دور میں ایم پی او کے تحت سنگین جرائم میں سزا یافتہ مجرموں کو رہا کرانے سے متعلق شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے خلاف مقدمات بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ داخلہ سندھ نے سابق وزیراعلی کے دور میں ایم پی او کے تحت سنگین جرائم میں سزا بھگتنے والے مجرموں کو رہا کرانے سے متعلق شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔ سابق وزیراعلی نے ایک سیاسی جماعت سے ڈیل کرکے مجرموں کو رہا کرایا، جبکہ رہا ہونے والے کئی ملزمان بیرون ملک فرار ہو گئے۔حکومتی ذرائع کے مطابق ارباب غلام رحیم نے سیاسی جماعت کے 16 مجرموں کو ایم پی او کے تحت رہا کرایا تھا، جبکہ 2003 میں کراچی سینٹرل جیل سے 8، حیدرآباد سے 1 اور ملیر جیل سے 7 قیدی ایم پی او پر رہا کیے گئے تھے۔ رہا ہونے والوں پر قتل اور اغوا سمیت 59 سنگین مقدمات تھے، جبکہ 1 مجرم 10مقدمات میں قید تھا۔