الریاض(نیوزڈیسک)سعودی عرب کی آبادی میں گذشتہ سال کے دوران 2.4 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور گذشتہ سال کے اختتام پر مملکت کی آبادی تین کروڑ پندرہ لاکھ ہوچکی تھی۔سعودی عرب کے مرکزی محکمہ شماریات اور اطلاعات کے مطابق کل ملکی آبادی میں دو کروڑ گیارہ لاکھ سعودی ہیں۔یہ مجموعی آبادی کا 67 فی صد بنتے ہیں جبکہ تارکین وطن کی تعداد ایک کروڑ چار لاکھ ہے اور وہ کل آبادی کا 33 فی صد ہیں۔2015ئ کے دوران سعودی عرب کی آبادی میں 751000 نفوس کا اندراج کیا گیا تھا۔ان میں 427000 سعودی (2.1 فی صد) اور 324000 تارکین وطن (3.2) تھے۔گذشتہ چند برسوں کے دوران سعودی عرب کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔محکمہ شماریات کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق 2004ءمیں سعودی عرب کی آبادی دو کروڑ چھبیس لاکھ نفوس پر مشتمل تھی۔2005ءمیں اس میں 3.4 فی صد کی شرح سے اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر دو کروڑ تینتیس لاکھ ہوگئی تھی۔2010ءمیں سب سے زیادہ شرح سے آبادی میں اضافہ ہوا تھا۔اس سال سعودی عرب کی آبادی 8.6 فی صد کی شرح سے بڑھی تھی اور دو کروڑ چوّن لاکھ سے بڑھ کر دو کروڑ چھہتر لاکھ ہوگئی تھی۔