راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) پاکستان اور جرمنی نے دفاعی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ وفاقی وزیر دفاعی پیداور رانا تنوریر حسین اورپاکستان میں متعین جرمن سفیر مس اینا لیپل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا ہے ، بدھ کے روز یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ،بدھ کے روز رانا تنویر حسین اور مس اینا لیپل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،اس موقع پر پاکستان میں متعین جرمن سفیر مس اینا لیپل نے کہا کہ عالمی میڈیا جس طر ح پاکستان کو دہشت گرد ملک دیکھا رہا پاکستان اس سے بلکل مختلف ہے اور ایک محفوظ اور پر امن ملک ہے اور میں پاکستان بھر میں سفر کرتی ہوں اور شوق سے مختلف مقامات پر بلاخوف و خطر جاتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان ایسا ملک ہے جس میں دہشت گردوںکو یہاں داخل ہونے میں آسانی ہے لیکن آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے پاکستان دہشت گردی کے خاتمے میں کامیاب ہو رہا ہے اور تیزی سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہو رہی ہے ،اس موقع پر راناتنوریر حسین نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دفاعی تعاون اچھے انداز میںجاری ہے لیکن اس تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ،اس موقع پر کامسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر بھی موجود تھے اور انہوں نے جرمن سفیر کو ایبٹ آباد کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ انسداد منشیات ، تعلیم ، اور بلند پہاڑوں سے متعلق تحقیقات پر ملکر کام کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے ۔واضح رہے کہ مس اینا لیپل کا پاکستان میں بحثیت سفیر یہ دوسرا دور ہے اس سے قبل وہ 2006سے 2009تک اپنی زمہ داریاں نبھا چکی ہیں اوردوسری مرتبہ انہوں نے جرمن سفیر کی حیثیت سے 2015میں عہدے کا چارج سنبھالا ہے ۔