اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے اسٹاک ایکس چینج کے عالمی مالیاتی کارپوریشن (آئی ایف سی) سے ود ہولڈنگ ٹیکس کی وصولی روک کر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کیپٹل گین ٹیکس سے چھوٹ کی مشروط یقین دہانی بھی کرادی ہے۔نجی ٹی وی چینل کو دستیاب دستاویز کے مطابق عالمی مالیاتی کارپوریشن نے بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس اور اسٹاک مارکیٹ میں سیکیورٹیز کی ٹریڈنگ و فروخت پر عائدکیپٹل گین ٹیکس سے چھوٹ کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کو خط لکھا تھا جس میں آئی ایف سی کے سربراہ کی نیویارک میں وزیر خزانہ سے ملاقات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔جس کے جواب میں چیئرمین ایف بی آر نثار محمدنے آئی ایف سی پاکستان کے سینئر منیجر ندیم اے صدیقی کو لیٹر لکھا کہ آئی ایف سی سیکیورٹیز کی اسٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ اور فروخت کو کیپٹل گین ٹیکس سے چھوٹ کے معاملہ کا جائزہ لیا جائیگا اور حکومت کی منظوری پر آئندہ بجٹ میں چھوٹ کی سفارش پارلیمنٹ میں پیش کی جائیگی۔تاہم عارضی اقدام کے طور پر اسٹاک ایکسچینج کے عالمی مالیاتی کارپوریشن سے ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی روک دی گئی ہے اور اس بارے میں نیشنل کلیئرنگ کمپنی ااف پاکستان کو پہلے ہی ہدایات دی جا چکی ہیںکہ آئی ایف سی سیکیورٹیز کی اسٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ اور فروخت پر کیپٹل گین ٹیکس کی کٹوتی نہ کی جائے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کے خط میں بینکنگ ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے کاکوئی ذکر نہیں ہے