مدینہ منورہ (نیوز ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کا حجم رواں سال تیزی سے بڑھایا جائے گا، اس سلسلے میں پاکستان کے ایوان ہائے تجارت وصنعت کے کل پاکستان وفاق کے صدر رئوف عالم کی سربراہی میں پاکستان کے ایوان ہائے تجارت و صنعت کے ایک وفد کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی جارہی ہے، جبکہ سعودی عرب کے ایوان ہائے تجارت و صنعت کا وفد عنقریب پاکستان کا دورہ کریگا۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب اپنے عوام اور عازمین عمرہ و حج کی ضرورت کی اشیاء پاکستان سے درآمد کیا کریگا پاکستان سے چاول، کٹلری کا سامان، آلات جراحی، کارپٹ بھی سعودی عرب کو برآمد ہوا کریں گے۔جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق سعودی عرب کے تاجروں فرحان قریشی اور انس قریشی کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جدہ میں پاکستانی ٹریڈرز کی ہوٹل انڈسٹری، ٹیکسٹائل اور ریستوران انڈسٹری کو تیزی سے ترقی دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفود دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، صنعت، معیشت کے فروغ کیلئے رواں سال میں پاکستان کے دورے کریں گے۔ سعودی عرب پاکستان سے دفاعی سازوسامان خریدنے کا جائزہ لے رہا ہے۔