کوچی(نیوز ڈیسک)کیرالہ کے رہائشی ایک شخص دل کے 23 دوروں کے باوجود بھی زندہ ہے جسے ڈاکٹر ایک غیرمعمولی معجزہ قرار دے رہے ہیں۔کیرالہ کے رہائشی 60 سالہ اجیت نامی شخص بے انتہا تمباکو نوشی کرتے ہیں اور کچھ روز قبل ان کے سینے میں شدید درد اٹھا اور اسپتال لے جانے پر معلوم ہوا کہ وہ بار بار دل کے دورے کی خطرناک ترین کیفیت ”کارڈیئک اریسٹ“ سے گزررہے ہیں جس کے بعد انہیں فوری طور پر بڑے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اجیت کو چار گھنٹے کے دوران ”کارڈیئک اریسٹ“ کے 23 دورے پڑے جو اس سے قبل شاید ہی کسی مریض کو لاحق ہوئے ہوں گے۔دل کے دوروں کے دوران اجیت کا دل بار بار بند ہوگیا جسے کئی مرتبہ مصنوعی ذرائع سے بحال کیا گیا کیونکہ اس کیفیت میں دل بند ہوجاتا ہے جسے سینہ دبا کر یا بجلی کے جھٹکوں سے بحال کیا جاتا ہے۔ کیرالہ کے مقامی اسپتال کے ڈاکٹرز نے بتایا کہ ان کے دل کے نصف حصے میں خون نہیں پہنچ رہا تھا جس سے یہ غیرمعمولی صورتحال پیدا ہوئی اور اب اسٹنٹ ڈال کر ان کے دل کی رگیں کھول دی گئی ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق بار بار دل بند ہونے سے ان کے دل کے خلیات کو نقصان پہنچا ہے اور اس کا صرف 30 فیصد حصہ کام کررہا ہے جب کہ انہیں اپنی زندگی میں اعتدال لانا ہوگا لیکن اب مریض اپنے معمول کے کام انجام دے سکتا ہے