تہران (نیوز ڈیسک)ایران میں موبائل فون سروسز فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں نے ویٹنگ کال کے لیے ریکارڈ کی گئی ”امریکا مردہ باد” ٹیون ختم کر دی گئی ۔ یہ اقدام ایران کے متنازع جوہری پروگرام پر طے پائے معاہدے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان فاصلے کم کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری موبائل فون کمپنی ”ایران سل” نے حال ہی میں اپنی کال سروسز کے دوران ‘موبی ٹیون’ اور کال ویٹنگ کے لیے ریکارڈ کی گئی ”امریکا مردہ باد” ٹیون ختم کی ہے۔ واضح رہے کہ ”ایران سل” ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے پاسداران انقلاب کا نجی ادارہ سمجھا جاتا ہے جس میں پاسداران انقلاب سمیت حکومت کے کئی دوسرے شعبوں کے حصص موجود ہیں۔ایران سل کی جانب سے ‘امریکا مردہ باد’ ٹیون ختم کرنے کے کچھ وقت بعد ”ہمراہ اول” نامی ایک دوسری سرکاری موبائل فون کمپنی نے بھی اپنے ریکارڈ سے ”امریکا مردہ باد” ٹیون حذف کر دی۔ ایران میں ‘امریکا مردہ باد’ کا نعرہ سنہ 1979ء میں تہران میں برپا ہونے والے ولایت فقیہ کے انقلاب اور اسی سال امریکی سفارت خانے پر ایرانی شدت پسندوں کے حملوں کی یاد میں تیار کیا گیا تھا۔ امریکا مردہ باد محض دو لفظی نعرہ نہیں بلکہ یہ ملی نغمہ ہے جس میں امریکا سے نفرت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں ایرانی بحریہ نے سمندری حدود کی خلاف ورزی پر امریکی بحریہ کے دس اہلکار یرغمال بنائے مگر کچھ ہی دیر بعد انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔