ڈیووس(نیوز ڈیسک) ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کی جھلک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں بھی نظر آئی جہاں جاری عالمی اقتصادی فورم کے لئے اکھٹے ہونے والے سعودی و ایران حکام ایک اجلاس کے دوران آپس میں الجھ پڑے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز شام میں قیام امن کے حوالے سے بند کمرہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف، سعودی شہزادہ ترکی الفیصل اور دیگر ممالک کے نمائندے شریک تھے تاہم یہ اجلاس سعودی اور ایرانی حکام کے درمیان گرما گرم بحث کی نظر ہوگیا۔ اجلاس میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں تاہم شرکاءکا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ایرانی حکام کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔بعد ازاں جواد ظریف نے کسی بھی خفیہ میٹنگ میں شرکت کی تصدیق سے انکار کیا تاہم سعودی شہزادہ ترکی الفیصل نے تصدیق کی کہ انہوں نے ایک اجلاس میں شرکت کی ہے جس میں جواد ظریف بھی شامل تھے تاہم انہوں نے اجلاس کی تفصیلات نہیں بتائیں