سرینگر (نیوزڈیسک) 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ بھارتی فوجیوں ،پولیس اہلکاروں کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی یوم جمہوریہ کے سلسلے میں امن و امان کی صورتحال کو برقراررکھنے کیلئے سرینگر اور دیگر اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کیلئے فوج اور پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ سرینگر کے بین الااقوامی ہوئی اڈے کے اندر اور باہر بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور اضافی اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے ۔ سیکورٹی کیمپوں کے علاوہ اہم سرکاری تنصیبات سکیورٹی کے حصار میں لے لیاگیا ہے ۔سرینگر شہر میں تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیزکردیاگیا ہے اورتمام داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں اور وہاں گاڑیوں اور مسافروں کی جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں اور لوگوں کے شناختی کارڈ بھی دیکھے جارہے ہیں ۔ واضح رہے پٹھانکوٹ حملے کے بعد سے پورے شمالی ہندوستان میں ہائی الرٹ جاری ہے۔