کابل (نیوز ڈیسک)افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے مختلف کاروائیوںکے نتیجے میں 23شدت پسندوں کو ہلاک اور چھ کو گرفتار کر نے کادعویٰ کیا ہے ۔کابل میں افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاکہ گزشتہ روز افغانستان کی سیکورٹی افواج نے ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیاں کیں۔یہ کاروائیاں زابل، ہلمند،قندوز،پکتیکا اورلوگر میں کی گئیں۔بیان کے مطابق ان کاروائیوں میں 23عسکریت پسند ہلاک اور14زخمی ہوگئے جبکہ چھ عسکریت پسندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔سیکورٹی اداروں نے اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیاہے۔ ادھر آسٹریلیا نے مزید فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ دورہ کابل کے دوران آسٹریلیا کے وزیر اعظم نے یہاں تعینات آسٹریلوی فوجیوں سے ملاقات کی اور ان سے خطاب میں اعلان کیا کہ انکا ملک افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعدادبڑھانے جا رہا ہے جس کے بعد افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کی تعداد 270 ہو جائے گی۔