ریاض(نیوزڈیسک)خلیج تعاون کونسل نے عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو روکنے کےلئے سعودی عرب کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ سفارتی مشنز پر حملوں کو روکنے کےلئے ایران پر دباﺅ بڑھائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ریاض میں ہوا جس میںعمان، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، بحرین اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میںسعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور تہران میں سعودی سفارتخانہ اور مشہد میں قونصل خانے پر حملوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو روکنے کےلئے سعودی عرب ایران کے خلاف مزید دفاعی اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے تناظر میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک عرب ممالک کے اندرونی معاملات اور امور میں مداخلت کے خاتمے کےلئے سعودی عرب کے اقدامات کی مکمل حمایت اورسعودی عرب ،خلیج تعاون کونسل کے اندرونی معاملات میں ایران کی مبینہ مداخلت کی مذمت کرتے ہیں۔ اعلامیے میں بین الاقوامی برادری سے کہا گیا کہ وہ سفارتی مشنز پر حملوں کو روکنے کےلئے ایران پر دباﺅ بڑھائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف کئے گئے سعودی اقدامات اور سعودی عدالتی نظام کی سالمیت اور استحکام کی مکمل حمایت کی جائے گی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں