دبئی(نیوز ڈیسک) ایران کے معزول بادشاہ محمد رضا پہلوی کی جڑواں بہن شہزادی اشرف پہلوی 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں.امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق مرحوم محمد رضا پہلوی کے بیٹے نے فیس بک پر شہزادی اشرف پہلوی کی وفات کا اعلان کیا، تاہم ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی.شہزادی اشرف 26 اکتوبر 1919 کو پیدا ہوئی تھیں.نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اشرف دہلوی کے ایڈوائزر روبرٹ ایف ارماؤ نے بتایا کہ ان کی موت بڑھاپے کے باعث ہوئی.ارماؤ نے بتایا کہ شہزادی اشرف اپنے گھر میں نیند کی حالت میں مردہ پائی گئیں، تاہم انھوں نے ملک کا نام بتانے سے گریز کیا اور اس کی وجہ شہزادی کے خاندان کو درپیش سیکیورٹی کے مسائل بتائے.1979 میں بھائی کو معزول کیے جانے کے بعد شہزادی اشرف دہلوی پیرس، نیویارک اور مانٹی کارلو میں گھر تبدیل کرتی رہیں.شاہ کی معزولی کے بعد انھوں نے کافی آواز اٹھائی اور 1990 کی دہائی میں اپنی یادداشتیں بھی شائع کیں لیکن اس کے بعد وہ منظرِ عام سے غائب ہوگئیں.ایڈوائزر ارماؤ کے مطابق شہزادی نے سوگوران میں ایک بیٹے پرنس شہرام دہلوی، 5 پوتے پوتیوں اور متعدد پڑ پوتوں، پڑپوتیوں کو چھوڑا ہے.