تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی حکام نے اپنے شہریوں کے سعودی عرب کے شہرمکہ و مدینہ میں حج کرنے کیلئے جانے پر پابندی کے منصوبے کا اعلان کردیاہے جبکہ ایران پہلے ہی سعودی درآمد ختم کرچکاہے۔ امریکی نیوز چینل کے مطابق تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد سعودی عرب نے سفارتی تعلقات ختم کردیے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں روز بروز اضافہ ہورہاہے ، تازہ اقدامات سے اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کس قدر خراب ہیں کیونکہ زائرین پر پابندی صرف علامتی نہیں ، ہرسال تقریباًچھ لاکھ زائرین مکہ مدینہ جاتے ہیں۔اس سے قبل 1987ئ میں بھی دونوں ممالک کے درمیان اس وقت کشیدگی پائی گئی تھی جب مظاہرین اور سعودی سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصاد م میں سینکڑوں لوگ مارے گئے تھے اور ایران نے اپنے شہریوں کے سعودی عرب جانے پر پابندی عائد کردی تھی ، یہ پابندیاں تین سال تک رہیں