کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان سے ایران اور دبئی کے درمیان فیری سروس رواں مارچ تک شروع ہوجائے گی، معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے جلد از جلد فیری سروس شروع کرنے کی ہدایت پر وزارت پورٹ اینڈ شپنگ نے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل کی صدارت میں وزارت پورٹ اینڈ شپنگ میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین پی این ایس سی عارف الہی اور فیری مالکان نے شرکت کی، اجلاس میںفیری سروس شروع کرنے کے حوالے سے اب تک کے معاملات کا جائزہ لیا گیا ہے اورفیصلہ کیا گیا کہ آئندہ 3 ماہ تک فیری سروس کے آغاز کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں فیری مالکان کے تحفظات پر غور کیاگیا اورفیری سروس پر ایران و دبئی سے مذاکرات اور ملکی مقتدر حلقوں سے ملاقاتوں پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت پورٹ اینڈ شپنگ نے ایران زیارت پر جانے والے زائرین کو سستے اور محفوظ سفر کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگر یہ سروس کامیاب ہوگئی تو اگلے مرحلے میں فریضہ حج کے لیے جانے والوں کو بھی فیری سروس آفر کی جائے گی، اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور سے بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔