کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو(نیب) سے سندھ کے سابق وزیراطلاعات اور پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کے خلاف تحقیقات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جبکہ وفاق اور دیگرفریقین سے بھی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے شرجیل میمن کی جانب سے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے موکل کے خلاف نیب انکوائری غیرقانونی ہے، وطن واپسی پرگرفتاری کا خدشہ ہے، اس لئے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔سندھ ہائی کورٹ نے نیب کوشرجیل میمن کے خلاف انکوائری کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیاہے۔عدالت نے وفاق اور دیگرفریقین سے بھی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔