کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں داعش کے لئے بھرتی کرنے والے ملزم نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ کالعدم تنظیم کے لیے چندہ، مدرسوں کے نام پر مانگا جارہا ہے جبکہ شام جانے کے لئے افغانستان اور ایران کے راستے استعمال ہو رہے ہیں۔کاﺅنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کے ہاتھوں گرفتار کالعدم داعش کے کارندے عبدالعزیز نے دوران تفتیش اہم انکشاف کئیے ہیں۔ ملزم عبدالعزیز کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق کالعدم تنظیم مدارس کیلئے چندہ مدارس کے نام پر لیا جا رہا ہے جس کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنا ہے۔ ملزم نے بتایا ہے کہ داعش کے لیے کم از کم 20 افراد کا گروہ تیار کیا جاتا ہے جنہیں پہلے کوئٹہ اور پھر افغانستان اور ایران کے راستوں سے شام بھیجا جاتا ہے۔عبدالعزیز نے یہ بھی بتایا کہ اس کا ایک ساتھی جعفر شام میں ہلاک ہو چکا ہے جبکہ اس تنظیم کا کراچی میں انچارج گلشن اقبال کا رہائشی ناصر استاد اور کوئٹہ میں حاجی خلیل ہے۔ ملزم نے بیان دیا کہ حاجی خلیل اب حاجی حیدر کا کوڈ نام استعمال کر رہا ہے۔ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ 2012 سے کالعدم تنظیم کو چندہ بھجوا رہا ہے اور اپنے ساتھیوں سے رابطوں کے لیئے فیس بک کا استعمال کرتا ہے۔ پولیس نے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔