لاہور(نیوزڈیسک)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اپنی سیاسی جماعت کے قیام کا باضابطہ اعلان کرنے کے بعد متحرک ہونے کی بجائے منظر نامے سے غائب ہو گئے ۔سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے 25دسمبر کو پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس کی جماعت کو ان کی توقعات کے مطابق پذیرائی نہیں مل سکی جسکی وجہ سے ان کی طرف سے بھرپور سر گرمیاں نہیں کی جارہیں۔ان کے قریبی ذرائع کا کہنا تھاکہ افتخار محمد چوہدری ہرگز بڑے ناموں کو اپنے ساتھ شامل کرنے کے خواہشمند نہیں بلکہ وہ واضح کہہ چکے ہیں کہ ہم عوام اورصاف ستھرے کردار کی حامل شخصیات کو ہی شامل کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق افتخار محمد چوہدری پارٹی کی تنظیم سازی کےلئے چاروں صوبوںکے دورے کریںگے جس کے بعد عہدیداروں کے ناموں کااعلان کیا جائے گا۔