راولپنڈی(نیوزڈیسک)راولپنڈی کی احتساب عدالت میں آصف زرداری کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران مقدمہ کا ریکارڈ گم ہونے کے باعث گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا اور سماعت (آج)جمعرات تک ملتوی کردی گئی جبکہ فاروق نائیک نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی بریت کی درخواست جمع کرادی ہے ،آئندہ سماعت پر بحث کروںگا ۔احتساب عدالت کے جج خالد محمود رانجھا نے کیس کی سماعت کی۔استغاثہ کی گواہ مدینہ منورہ بی بی عدالت میں پیش ہوئیں مگر ان سے متعلق دستاویز پیش نہیں کی گئیں۔ عدالت نے ریفرنس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔ سماعت میں وقفہ کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آصف زرداری کی بریت کی درخواست جمع کرادی ہے ، بریت کی درخواست پر بحث کروںگا تو عدالت کو بتاﺅں گا کہ کس بنیاد پر اور کیوں آصف علی زرداری کو بری کیا جائے ، آصف زرداری کے خلاف ریفرنس میں کوئی ریکارڈ گم نہیں ہوا،پرانا ریفرنس ہے صندوق سے متعلقہ ریکارڈ کی تلاش کے لئے عدالت کا عملہ مصروف ہے۔فاروق نائیک نے کہا کہ ابھی 5 گواہان باقی ہیں جس کے بعد فیصلہ ہو گا۔