اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے متعلق مبینہ غلط بیانی پر تحریک استحقاق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ا دی ہے۔تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی عارف علوی نے جمع کرائی گئی تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں احسن اقبال نے تحریری طور پر گرین لائن منصوبہ ، سی پیک کا حصہ قرار دیا تھا جبکہ قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا تھا کہ گرین لائن کا سی پیک سے کوئی لینا دینا نہیں۔احسن اقبال کی غلط بیانی سے ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے، عارف علوی نے کہا کہ لگتا ہے کہ مغربی روٹ میں صرف سڑکیں ہی بنیں گی تمام ترقیاتی منصوبے پنجاب تک محدود کر دیئے گئے ہیں، اس طرح کی غلط بیانی سے بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچے گا۔ چھوٹے صوبوں کو نظرانداز کرنا خطرناک ہے۔