مظفر گڑھ(نیوز ڈیسک) ہسپتال میں جاکر ہنگامہ آرائی اور دھمکیاں دینا جمشید دستی کو مہنگا پڑگیا۔ مظفر گڑھ سوشل سکیورٹی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر مبشر نے جمشید دستی سمیت 26 افراد کے خلاف اندارج مقدمہ کے لیے درخواست دیدی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہسپتال کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ جمشید دستی نے قانون کی بالادستی کو چیلنج کیا تو قانون حرکت میں آ گیا اور معاملہ اْن کے گلے پڑگیا۔ سوشل سیکورٹی ہسپتال مظفر گڑھ کے ایم ایس ڈاکٹر مبشر نے ایم این اے جمشید دستی سمیت 26 افراد کیخلاف تھانہ سٹی میں اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی۔ درخواست میں سابق ایم پی اے مہر ارشاد سیال کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ اندراج مقدمہ کی درخواست میں جمشید دستی پر ہسپتال بند کرانے ، کارسرکار میں مداخلت سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ادھر ہسپتال کے باہر پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے۔ گزشتہ روز سوشل سیکورٹی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کیخلاف سٹاف کے احتجاج کے دوران جمشید دستی بھی پہنچ گئے اور انہوں نے ایم ایس ڈاکٹر مبشر کو دھمکیاں دیتے ہوئے ہسپتال سے نکال دیا تھا۔