لاہور(ویب ڈیسک) سعودی عرب ایران کشیدگی پر متنازعہ پروگرام کرنے پر نجی ٹی وی چینل کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے شوکاز نوٹس جاری کردیاہے۔نوٹس کے متن میں کہاگیاہے کہ تین جنوری کو ٹی وی چینل پر نشر ہونیوالے پروگرام سے نہ صرف پاکستان کے اندر رہنے والے مختلف لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ اس سے دوسرے دوست ممالک کیساتھ سفارتی تعلقات بھی متاثرہوسکتے ہیں ، نیوز چینل نے پیمرا رولز ، آئین پاکستان کے سیکشن 19اور19اے کی صریحاً خلاف ورزی کی۔ پیمرا کی طرف سے جاری نوٹس میں واضح کیاگیاکہ پیمراقوانین تمام ٹی وی چینلز کو اس قسم کا کوئی بھی مواد نشر کرنے کی ممانعت کرتے ہیں جس سے فرقہ وارانہ تشدد، پاکستان کی مسلح افواج پر تنقید یا دیگر ممالک سے پاکستان کے تعلقات متاثر ہوں۔