لاہور (نیوزڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو ملنے والی پذیرائی کے خوف سے این اے122کےلئے 70کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز عوام کو مبارک ہوں آخر کار حکمرانوں کو ان آبادیوں کا بھی خیال آ ہی گیا،یہ پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن میں جانے کا دباو¿ اور ایاز صادق کی دوبارہ واپسی کا خوف رنگ لا رہا ہے لیکن انہیں خاطر جمع رکھنی چاہیے ہماری رٹ پٹیشن حقائق پر مبنی ہے جس کے باعث نادرا اور الیکشن کمیشن کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ،انہوں نے کہا کہ این اے122کے عوام کو گذشتہ 8برسوں میں مکمل طور نظر انداز کیا گیا اور اُن منصوبوں کو بھی آپریشنل نہیں کیا گیا جو ماضی کے دور حکومت میں مکمل ہو چکے تھے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت کچھ کرنا ہی چاہتی ہے تو میاں میر ہسپتال اور جمیلہ آباد سیوریج منصوبے سمیت بند پڑے ہوئے پراجیکٹ عوام کےلئے کھول دے تاکہ کروڑوں روپے سے بننے والے ان منصوبوں کا عام آدمی کو فائدہ ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ این اے122کے عوام نے 11اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں جس حقیقی مینڈیٹ کا اظہار کیا اس نے حکمرانوں کی آنکھیں کھول دی ہیں بظاہر 2400ووٹوں سے کامیابی حاصل کرنے والوں کو حقائق کا بخوبی علم ہے اور انشا ءاللہ تحریک انصاف کی پٹیشن پر دوبارہ بوگس سپیکر کو ڈی سیٹ ہو نا ہو گا اور حکومت کی طرف سے 70کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی بیساکھیاں انہیں عوامی مقبولیت نہیں دلا سکتیں ،عبدالعلیم خان نے این اے122کی کچی آبادیوں مسمار کر کے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی مذمت کی اور اسے غریبوں سے چھت چھینے کے مترادف قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کچھ کرنا ہی چاہتی ہے تو کچی آبادیوں کو گرانے کا فیصلہ واپس لے ۔