نئی دلی(نیوزڈیسک) پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے پر بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کردیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر نے حملے سے متعلق معلومات پاکستانی ہم منصب کو فراہم کردی ہیں اور بھارت پاکستان کے ردعمل کا انتظار کر رہا ہے.بھارتی میڈیا کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے سے متعلق معلومات پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ کو فراہم کردی ہیں اور بھارت اس بات کی توقع کر رہا ہے کہ پاکستان اس پر فوری ایکشن لے گا۔ بھارتی اخبار کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ نے بھارت کی جانب سے دی جانے والی معلومات موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے بھارتی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان کی جانب سے دی گئی معلومات پر کام کر رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک ایک ہی خطے اور ایک تاریخ کے حامل ہونے کی وجہ سے نتیجہ خیز مذاکرات کے عزم پرقائم ہیں اور دہشت گردی کا خاتمے دوطرفہ تعاون سے ہی ممکن ہے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دہشت گرد حملے کے دوران رابطے کے لیے جن فون سمز کا استعمال کر رہے تھے وہ پاکستانی نمبرز ہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد سرحد پار سے آئے تھے۔