اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے، ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے، دہشت گردی ایک الگ مسئلہ ہے اس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا بنیادی مسئلہ ہے، اس کے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہے، دونوں حکومتوں کی خواہش ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے تاکہ دونوں ممالک مسئلہ کا حل نکال سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاٹا میں اصلاحات کے حوالہ سے جرگے جاری ہیں، کمیٹی نے اب تک دو ایجنسیوں میں اصلاحات کے حوالہ سے مشاورت کی ہے، پانچ ایجنسیاں اور ایف آر کے لوگوں سے فاٹا میں اصلاحات کے حوالہ سے تجاویز لی جائیں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے ایران میں سعودی عرب کے سفارتخانہ جلانے کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ دونوں اسلامی ممالک میں مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کا حل نکال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے، تعلقات کی بہتری کیلئے کردار ادا کرے گا۔