لاہور(نیوزڈیسک)ہنجر وال میں بم برآمد ہونے والی جگہ سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا سکواڈ بھی گزرا تھا ۔ پولیس نے بم برآمد ہونے کے کچھ دیر بعد قریب سے ریمورٹ بھی برآمد کر لیا ۔ بتایاگیا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ماڈل ٹاﺅن میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے کے بعد اسی روٹ سے گزر کر ٹھوکر سے بذریعہ موٹر وے اسلام آباد روانہ ہوئے تھے اور اس کے کچھ دیر بعد تھانہ نواب ٹاﺅن چوکی پولیس نے پٹرولنگ کے دوران ایک سٹیل کا ڈول اور اس کے باہر تاریں لٹکتی دیکھ کر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا تھا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بم ملنے کی تمام پہلوﺅں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ یہ دیکھا جارہا ہے کہ یہ بم یہاں کس غرض سے لایا گیا کیا اسے یہاں سے کسی اور جگہ منتقل کیا جانا تھا یا اس سے یہی پر ٹارگٹ کیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کے روٹ پر بم کی برآمدگی کو بھی مد نظر رکھیں گے۔ علاوہ ازیں بتایا گیا ہے کہ بم ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اڑایا جانا تھا اور پولیس نے کچھ دیر بعد اس کے قریب سے ریمورٹ بھی برآمد کر لیا ہے۔