کراچی(نیوزڈیسک)بھارت کی جیلوں میں قید 189 پاکستانی لاپتہ ہو گئے ہیں۔ واقعے کا انکشاف دونوں ملکوں کی جانب سے قیدیوں کی فہرستوں کے تبادلے سے ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت بھارت کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 271 ہے جبکہ ان میں 13 ماہی گیر بھی شامل ہیں جبکہ پاکستان نے اپنے قیدیوں کی جو فہرست بھارت کو دی ہے۔اس میں 113 ماہی گیروں سمیت 460 دیگر پاکستانی قیدی ہیں۔ بھارت کی جانب سے پیش کردہ فہرست میں قیدیوں کی تعداد کم ہونے پر پاکستانی حکام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ 25 جنوری سے پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں اس معاملے کو اٹھائے جانے کا امکان ہے۔2008 سے پاکستان اور بھارت ایک معاہدے کے تحت سال میں 2مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔