اسلام آباد ( نیوزڈیسک)سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر دو روزہ سرکاری دورے پر( آج ) اتوار کو پاکستان پہنچیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اپنے قیام کے دوران سعودی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے مختلف علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کریں گے۔ اس موقع پردونوں فریق باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گے اور ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔گزشتہ ماہ پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے قائم کیے جانے والے 34 اسلامی ممالک کے اتحاد میں شمولیت کی تصدیق کی تھی۔دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اتحاد کی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کے حوالے سے مزید تفصیلات کا منتظر ہے۔ سعودی عرب نے دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ اس نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے لیے 34 اسلامی ریاستوں پر مشتمل اتحاد قائم کیا ہے، جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر کے مطابق اتحاد میں شامل کیے جانے والے ممالک اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے خود فیصلہ کریں گے۔ اس ا تحاد کے اعلان کے بعد سعودی وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں