نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارت کے وزیر مملکت برائے داخلی امور کرن ریجیجو نے الزام عائد کیاہے کہ پٹھان کوٹ میں بھارتی ائیربیس پر حملہ کرنے والے گروپ کو پاکستان کے بعض عناصر سے تعاون حاصل تھا،ہمارے پاس حملہ آورگروہ کے متعلق قابل اعتماد معلومات ہیں کہ انھیں سرحد پار سے بعض عناصر سپانسر کر رہے ہیں،جبکہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے، ہم صرف پاکستان کے ساتھ ہی نہیں بلکہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر رشتے چاہتے ہیں،برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہفتہ کو بھارت کے وزیرمملکت برائے داخلی امورکرن ریجیجو نے پٹھان کوٹ واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے تاہم ہماری سکیورٹی فورسز نے سخت جواب دیا ہے،انھوں نے کہاکہ ہمارے پاس اس گروہ کے بارے میں قابل اعتماد معلومات ہیں کہ انھیں سرحد پار سے بعض عناصر سپانسر کر رہے ہیں،قبل ازیںایک بیان میں بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے، ہم صرف پاکستان کے ساتھ ہی نہیں بلکہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر رشتے چاہتے ہیں،ان کا کہناتھاکہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر بھارت پر شدت پسند حملہ ہوا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔