لاہور( نیوزڈیسک)پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارکان کی بائیو گرافی شائع کر دی ، ارکان کی طرف سے معلومات تاخیرسے فراہم کرنے کے باعث کتاب ڈھائی سال بعد شائع ہوئی ،پنجاب اسمبلی کے 2000 سے 2014 تک اسپیکر کے اہم فیصلوں کی کتاب بھی شائع کر دی گئی ۔ بائیو گرافی میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ارکان میں 23 میٹرک، 30 ایف اے، 124 بی اے، 8 بی بی اے اور بی کام کی تعلیمی ڈگریاں رکھتے ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کے ارکان میں 7 بی ایس سی آنرز، 42 ایل ایل بی، 31 ایم اے، 12 ڈبل ایم اے، 14ایم بی اے، 9 ایم بی بی ایس، 3 ایل ایل ایم، 4 ڈپلومہ ہولڈر اور 3 پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں۔ ایک پبلک ایڈمنسٹریشن، ایک ایم فل سول ، ایک ایم فل بزنس اور ایک ایم فل لا ءجبکہ ایک بار ایٹ لا کی ڈگری رکھتا ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے 56 ارکان نے اپنی تعلیمی قابلیت چھپائی ہے اور وہ کس قدر پڑھے لکھے ہیں اس حوالے سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کو پرفارمے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں ۔ پنجاب اسمبلی میں 106 ارکان زراعت، 70 بزنس مین، 24 وکالت، 15 سوشل ورکر، 13 ہاوس وائفز اور 11 ماہر تعلیم ہیں جبکہ 11 جاگیر دار، 8 میڈیکل پریکٹشنر، ایک فنکار ، ایک ریٹائرڈ آرمی آفیسر، ایک سائیکالوجسٹ، ایک اکانومسٹ اور ایک صحافی بھی پنجاب اسمبلی کا ممبر ہے ۔پنجاب اسمبلی میں 41 سے 50 سال کے ارکان کی سب سے بڑی تعداد ایوان میں آئی جن کی تعداد 133 ہے ۔ پچیس سے تیس سال کے صرف 14 جبکہ 31 سے چالیس سال کے 81 ممبران ہیں۔ 51سے 60سال کے 83، 61سے 70کے 47 اور 71سے 80کے 10ارکان ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی میں 180 ممبران پہلی بار رکن منتخب ہو کر ایوان میں آئے ہیں ۔