کراچی(نیوزڈیسک)ترجمان سندھ پولیس نے دفتر سے جاری ایک اعلامیئے میں شہریوں سے کہا ہے کہ نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ ، آتش بازی ، بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ۔ بصورتِ دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے سالِ نو کی آمد پر پولیس کو خصوصی سیکیورٹی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارکس ، ساحل سمندر ، مصروف شاہراہوں ، شاپنگ سینٹرز ، فاسٹ فوڈ چینز ، ڈپارٹمنٹل اسٹورز و دیگر پبلک اور تفریحی مقامات پر ڈپلائمنٹ کے ساتھ ساتھ گشت ، پکٹنگ ، اسنیپ چیکنگ کو انتہائی موثر بنایا جائے جبکہ اہم سرکاری و نجی املاک اور حساس تنصیبات پر تمام تر سیکیورٹی اقدامات کو مذید ٹھوس بنایا جائے ۔آئی جی سندھ کو ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے سال کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے پیشِ نظر کلفٹن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تقریباً 3400 افسران اور جوانوں کو تعینات کیا جارہا ہے جس میں ساحلِ سمندر کے قریبی علاقوں ، شاہراہوں پر گشت پر مامور ،70 پولیس موبائلز اور 95 موٹر سائیکلوں پر سوار پولیس افسران اور جوان بھی شامل ہیں علاوہ اذیں کلفٹن اور ساحلِ سمندر سے ملحقہ علاقوں ، جانیوالی شاہراہوں ، سڑکوں پر 13 پولیس پکٹس کے قیام کے ساتھ ساتھ 16 اسنیپ چیکنگ پوائنٹس بھی بنائے جارہے ہیں جنکا مقصد سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو غیر معمولی بنانا ہے