پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP)نے منگل کے روز 7118.812ملین روپے کے 26پراجیکٹس کی منظوری دیدی ہے ۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر حماد کی زیر صدارت منعقدہ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں دی گئی جس میں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ سید ظفر علی شاہ سمیت متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی کے لئے محکمہ ہائے توانائی و برقیات ، ابتدائی و ثانوی تعلیم ا علیٰ تعلیم ، کھیل و سیاحت ، صنعت ، بور ڈ آف ریونیو ، معدنی ترقی ، مواصلات و تعمیرات ، زراعت اور ماحولیات وجنگلات کے 30 منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کے بعد 26پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ۔ توانائی و برقیاتی کے شعبے میں چیف منسٹر سیکرٹریٹ ، وزیر اعلیٰ ہاؤس ،سول سیکرٹریٹ ( سول سیکرٹریٹ بقیہ محکموں کے لئے ) کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور نو تشکیل شدہ محکمہ توانائی و برقیات کو چالواور فعال بنانے کے پراجیکٹس شامل ہیں ۔اسی طرح محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے منظور شدہ پراجیکٹس میں سکولز فیڈنگ پروگرام ، خصوصی اقدامات لیڈی ایجوکیشن سپروائزرز کے لئے ہارڈ ایریا الاؤنسزجبکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں’’ چغرزئی بونیر میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے قیام کا ایک پراجیکٹ شامل ہے اور کھیل و سیاحت کے شعبے میں ایک پراجیکٹ ’’سیاحتی پالیسی ۔نئے اقدامات‘‘شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صنعت کے شعبے میں گدون ضلع صوابی میں گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر کے لئے عمارت کی تعمیر ، لڑکوں کے تمام ووکیشنل انسٹی ٹیوٹس میں کمپیوٹرلیبارٹریز کا قیام ، جی پی آئی سردار گڑھی پشاور میں آرکیٹکچرل اینڈ بائیومیڈیکل ٹیکنالوجی متعارف کرنا ، جی ٹی وی سی (بی) یارحسین صوابی کے لئے عمارت کی تعمیر ، تیمر گرہ ، تخت بھائی ، صوابی ، ایبٹ آباد ، کوہاٹ اور نوشہرہ میں کالج آف ٹیکنالوجی کی سطح پر درجہ بلندی کئے گئے جی پی آئیز کے لئے انفراسٹرکچر سہولیات اور آلات کی فراہمی ، آلات اور مشینری کا حصول ، خیبر پختونخوا میں جی پی آئیز کے لئے فرنیچر اور لائبریری کی کتابوں کی فراہمی ، سوات میں اراضی کا حصول اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے