اسلام آباد (نیوزڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے 15نکات پر کارکردگی تسلی بخش ہے جبکہ 5نکات پر کارکردگی سست روی کا شکار ہے۔اگر کچھ لوگ مولانا عبد العزیز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں تو وہ ثبوت پیش کریں ،جس کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ مو لاناعبد العزیزسے متعلق بہت سے سوا لات کر سکتا ہوں ،مولانا کو اسلام آباد میں حکومت یا میں نے مسلط نہیں کیا ،گزشتہ حکومتوں نے مولانا کے بھانجے کو لال مسجد کا خطیب بنا یا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ مولانا عبد العزیز کے خلاف کارروائی کی جائے ،وہ مولانا عبد العزیز کے خلاف ثبوت فراہم کریں تو پھر ضرور کارروائی کی جائے گی۔ نیشنل ایکشن پلان قومی اور امن و امان کا ایجنڈہ ہے اس لیے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملد رآمد سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 20میں سے 10نکات پر صوبے کی ذمہ داری ہے جبکہ چار نکات پر وزارت داخلہ جوابدہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 15نکات پر کارکردگی تسلی بخش ہے جبکہ 5نکات سست روی کا شکار ہیں۔