لاہور( این این آئی)لاہورمبینہ اجتماعی زیادتی کیس ،پھر وہی ہواجیسا کہ دیگر اہم معاملات کے لئے ہوتاہے، تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی، اب دیکھنا یہ ہے کہ اس کیس کا نتیجہ کیا نکلتاہے ،سالوں چلتا ہے یا جلد انصاف ہوگا؟تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 15سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات کےلئے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیس کے تحقیقاتی عمل کی خود نگرانی شروع کر دی ۔وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن چوہدری سلطان شامل ہیں ۔ کمیٹی اپنی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ سیاسی اثر و رسوخ کا تاثر غلط ہے جو بھی مجرم ٹھہرا اسے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیس کے تحقیقاتی عمل کی خود بھی نگرانی شروع کر دی ہے ۔