لاہور (نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے نواز مودی ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نوازشریف وزیراعظم ہونے کے حوالے سے پبلک پراپرٹی ہیں، وزیراعظم کا ہر فعل چاہے ذاتی ہو یا سرکاری عوام ان سے پوچھنے کا حق رکھتے ہیں، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ بھارتی وزیراعظم خاموشی سے پاکستان آئیں اور چلے جائیں، اس ملاقات کے حوالے سے قوم کو آگاہ کیا جائے، دونوں ملکوں کی بقا اس ملاقات پر منحصر ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ بات ماننے والی نہیں کہ وہ صرف کیک کاٹنے آئے تھے، اگر وہ کیک کاٹنے ہی آئے تھے تو نوازشریف کو چاہئے تھا کہ پہلے وہ قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کٹواتے لہٰذا نواز مودی ملاقات کے حقائق چھپانا قوم سے زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نریندر مودی ملاقات کے بعد مراسلہ جاری نہ کرنے سے شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں، ڈیڑھ سو بھارتی شہری بغیر ویزہ لاہور میں پھر رہے تھے یہ کہاں کی سکیورٹی ہے اس میں کہاں کا ملکی مفاد ہے قوم کو اس ملاقات کے اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے۔