رائے ونڈ ( نیوزڈیسک)رائے ونڈمیں آوارہ کتوں نے غریب محنت کش کے اکلوتے دوسالہ معصوم بچے کی نوچ نوچ کر جان لے لی ،دل دہلا دینا والا واقعہ سندر روڈ رائے ونڈ پر پیش آیا ۔تفصیلات کے مطابق تبلیغی مرکز پنڈال سندر روڈ چوک کے قریب مقامی زمیندارمحمد ارشد نے اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے اوکاڑہ کے غریب محنت کش منصب علی کو ملازم رکھا ہوا ہے جو کہ اپنی بیوی اور دو معصوم بچوں دوسالہ محمد احمد اور ایک سالہ بیٹی کے ساتھ مکان کے ایک حصے میں رہائش پذیر ہے ۔گزشتہ روز صبح آٹھ بجے جب منصب کھیتوں میں کام کرنے کیلئے گیا گیا ہوا تھا اور اس کی بیوی گھر کے کام کاج میں مصروف تھی کہ دوسالہ بیٹا محمد احمد گھر سے باہر نکل گیا جسے آوارہ کتوں نے دبوچ لیا اوراسے کھیتوں میں گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گئے ۔راہگیروں نے کتوں کو جمع دیکھ کر انہیں بھگایا تو وہاں سے بچہ شدید زخمی حالت میں مل گیا جسے ہسپتال پہنچایا گیا مگر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔ بچے کی لاش دیکھ کر ماں او رباپ حواس کھو بیٹھے ۔معصوم بچے کو سپرد خاک کر دیاگیا ۔