اسلام آباد(نیوزڈیسک) حلقہ این اے 154 لودھراں میں نئے ووٹرز کے اندراج کاسب سے زیادہ فائدہ تحریک انصاف کو ہوا۔ 2013کے انتخابات کے بعد این اے 154میں 50ہزار سے زائد ووٹرز کو رجسٹر کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف نادرا اورالیکشن کمیشن پر تنقید کرتی رہی ہے لیکن دلچسپ طور پر گزشتہ ہفتے لودھراں میں ہونیوالے ضمنی انتخاب میں ان ووٹوں سے اسے ہی سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے رہے ہیں کہ تحریک انصاف کے امیدوارجہانگیر ترین کو حلقہ این اے 154کے ضمنی انتخاب میں ہرانے اور ن لیگ کے صدیق بلوچ کو جتوانے کیلئے الیکشن کمیشن نے 50ہزار ووٹ اس حلقے میں منتقل کیے۔روزنامہ جنگ کے صحافی عثمان منظورکی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے جہانگیر ترین نے اس ضمنی انتخاب میں 138573ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ن لیگ کے صدیق بلوچ 99312ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ نادرا کے افسران کاکہناہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے نادرا اور الیکشن کمیشن پر کی جانیوالی تنقید بلاجواز ہے کیونکہ نادرا نے مئی 2013کے انتخابات کے بعد حلقہ این اے154میں جن 51828ووٹرز کا اندراج کیا ، وہ حقیقی تھے، ووٹنگ کے رجحان سےمعلوم ہوتا ہےکہ ان نئے رجسٹرڈ ووٹرز کی اکثریت نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا ، اس لیے تحریک انصاف کی جانب سے نئے ووٹرز کے اندراج کے اقدام کو اسے ہرانے کی کوشش قرار دیا جانے کا الزام جھوٹا ثابت ہوا۔ حلقہ این اے 154لودھراں بھی ان4حلقوں میں شامل ہے جن کے نتائج کی جانچ پڑتال کرنے کا مطالبہ تحریک انصاف کررہی تھی۔ نئے ووٹرز کے اندراج کے ذریعے تحریک انصاف کے امیدوار کو ہرانے کی کوشش کرنے کا الزام پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف پریس کانفرنسز میں عائد کیاگیا تھا۔