کراچی(نیوز ڈیسک)قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ کرپشن قیام پاکستان کے بعد ہی سے ورثے میں ملی ہے۔ ملک میں کرپشن سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ نیب نے کرپشن کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 265 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں ۔ نیب ملازمین کے خلاف کرپشن میں ملوث ہونے کی شکایات ملتی ہے تو اس کے خلاف بھی احتساب کیا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب یہاں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے ڈی جی نیب سندھ سراج النعیم سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا۔چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہاکہ رشوت اور بدعنوانی قیام پاکستان کے بعد ورثے میں ملی ہے۔ بدقسمتی سے کرپشن اب طرز زندگی بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر جگہ کرپشن کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عوام اپنے بنیادی حقوق کیلئے بھی رشوت دینے پر مجبور ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے، انہوں نے کہاکہ نیب کا ادارہ ملک میں کرپشن کے سدباب کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ ہمارا خواب کرپشن فری پاکستان ہے۔ قمر الزمان چوہدری نے مزید کہا کہ نیب کے ادارے میں بھی احتساب کا عمل جاری رہتا ہے۔ اگر کوئی کرپشن میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جاتی ہے جبکہ نیب افسران کیخلاف شکایات کے ازالے کے لیے سسٹم متعارف کروادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیب نے ابتک 265ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں