اسلام آباد(نیوزڈیسک) نائجیریا کے شمال مشرقی علاقوں میں خواتین شدت پسندوں کی جانب سے کیے جانے والے خودکش بم دھماکوں میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور درجنوں زخمی ہیں۔ فوج کے اہلکار نے بتایا کہ مداگیلی کے قصبے کے بازار میں ہونے والے دو خودکش دھماکوں میں کم سے کم 25 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ قریبی ریاست بورنو میں شدت پسندوں کے حملوں میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہیں۔ ان تازہ حملوں کا الزام بھی بوکو حرام پر عائد کیا جا رہا ہے۔ ریاست میں فوج کے سربراہ نے تصدیق کی کہ مداگیلی قصبے کے بازار میں دو خودکش دھماکے ہوئے ہیں۔ مقامی عہدے دار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ خواتین خودکش حملہ آوروں کے حملے میں کم سے کم 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مداگیلی کے مضافاتی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں 10 خودکش حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں گذشتہ چھ برسوں کے دوران شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی پرتشدد کارروائیوں میں 17 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور15 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ شدت پسندوں نے علاقے میں ایک ہزار سکول بھی تباہ کیے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں