اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سردی کاموسم شروع ہوتے ہی عرب ممالک کے شہزادے پاکستان میں نایاب نسل کے پرندوں کا شکار کرنے کیلئے پاکستان پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے دوران خلیجی ریاستوںسے تعلق رکھنے والے شہزادے ہر سال پاکستان کے صحرائی علاقوں میں آکر نایاب ترین پرندوں کو اپنے شوق کی ذینت بناتے ہیں ۔ شہزادوں کے اس شکار کے شوق سے نایاب ترین پرندوں کی نسلوں کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں اور اس ضمن میں پرندوں کے تحفظ کیلئے بنائی جانے والی بین الاقوامی تنظیم نے پاکستان میں بے دردی کے ساتھ ان کے شکارکیے جانے کے عمل پر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اگر حکومت پاکستان نے نایاب نسل کے پرندوں کی اس طرح شکار کیے جانے کے عمل پر پابندی نہ لگائی تو ان پرندوں کی نسل معدوم ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ابو ظہبی ، دبئی ،شارجہ ، عجمان ، الفجیرہ سے تعلق رکھنے والے شہزاد گان جنوبی پنجاب کے صحرائی علاقے رحیم یار خان پہنچ چکے ہیں جبکہ قطر سے تعلق رکھنے والے شہزادے خوشاب کے علاقہ نور پور تھل پہنچ چکے ہیں۔ نور پور تھل پہنچنے والے شہزادے کا نام عبدالحادی الحاجری بتایا گیا ہے یہ شہزادہ اپنے لاﺅ لشکر کے ساتھ ہر سال اس علاقے میں آکر نایاب نسل کے پرندوں کو اپنے شکار کا نشانہ بناتے ہیں اور ان کے اس عمل پر کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے قدغن نہیں لگائی جاتی بلکہ ضلعی انتظامیہ اور پنجاب وائلڈلائف ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران ان کی خاطر تواضع کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ نورپور تھل رورل ایریا کے نو منتخب چیئرمین ملک صفدر حیات خان اعوان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ عرب شہزادے یہاں آکر ہرسال نایاب پرندوں کا شکارکرتے ہیں ان کے اس عمل کومقامی افراد نہیں روک سکتے بلکہ اس کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپناکردار اداکرناچاہیے مگر بدقسمتی سے وہ اسے مہمان نوازی کے خلاف گردانتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہزادے کی آمد پرعلاقہ تھل میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ادھر پاکستان میںموجود قطر ایمبیسی نے رابطہ کرنے پراس امرکی تصدیق کی کہ شہزادہ عبدالحادی الحاجری سیروتفریح اور اپنی سالانہ چھٹیاں گزارنے کیلئے پاکستان آئے ہوئے ہیں ذرائع نے ان کے ہر سال آنے کی بھی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ پاکستان کے اس صحرائی علاقے میں اپنے رفاعی کام بھی جاری رکھے ہوئے ہیں گزشتہ سال حکومت قطر کی خصوصی گرانٹ کے تحت شہریوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹرفلٹریشن پلانٹ بھی عطیہ کیا تھا جس کی تنصیب عمل میںلائی جاچکی ہے۔خوشاب اورنورپور تھل کی عوامی سماجی حلقوں نے عرب شہزادوں کی آمد کے حوالے سے کہا کہ اگر وہ سماجی خدمات کیلئے آنا چاہیں تو یہ ایک اچھا اقدام ہے تاہم وہ دنیا میں معدوم ہوتی ہوئی نسل کے نایاب پرندوں کو اپنے شکارکا ذوق نہ بنائیں تو اس میں پرندوںکی بہتری ہوگی ۔عرب شہزادے کے شکار سے وہاں کی مشہور فصل چنا تباہ ہو رہی ہے سپریم کورٹ نے جو شکار پر پابندی لگا رکھی ہے اس پر عملدرآمد کروائے اور حکومت بھی اس کا نوٹس لے-