کراچی (نیوزڈیسک ) سندھ میں اہم اور وی آئی پی شخصیات کی سکیورٹی پر ماہانہ اخراجات کتنے؟ قوم کا پیسہ پانی کی طرح بہایاجانے لگا،عوام ششدر،سندھ حکومت کی جانب سے اہم اور وی آئی پی شخصیات کی سکیورٹی پر ماہانہ 22 کروڑ روپے خرچ کےے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے پروٹوکول پر ایک درجن جبکہ بلال بھٹو کے لےے دو درجن سے زائد گاڑیاں تعینات ہوتی ہیں ۔ ایس ایس یو کے اہلکار بھی بلاول بھٹو کی سکیورٹی کے لےے مخصوص ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سندھ پولیس میں 4 سکیورٹی زون قائم ہیں جبکہ فارن سکیورٹی سیل اور محافظ فورس الگ سے کام کر رہی ہیں ۔ سندھ پولیس کے اسپیشل سکیورٹی یونٹ میں 1310 اہلکار تعینات ہیں جن میں ایک اے ڈی آئی جی ، تین ڈی ایس پی ، 15 انسپکٹرز ، 76 سب انسپکٹر ،191 اے ایس آئی ، 104 ہیڈ کانسٹیبل اور 920 سپاہی شامل ہیں ۔ سکیورٹی زون 2 میں 1710 پولیس اہلکار تعینات ہیں ، جن میں ایک ایڈیشنل ڈی آئی جی ، ایک ڈی ایس پی ، 7 انسپکٹرز ، 12 سب انسپکٹرز ، 100 اے ایس آئی ، 53 ہیڈ کانسٹیبل اور 1520 سپاہی موجود ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی زون تھری میں وی آئی پی میں 1675 اہلکار تعینات ہیں جبکہ غیر ملکی سفارتخانوں اور غیر ملکیوں کی حفاظت کے لےے قائم فارن سکیورٹی سیل میں 607 اہلکار و افسران تعینات ہیں ، جن میں ایک اے ڈی آئی جی ، دو ڈی ایس پی ، تین انسپکٹرز ، 11 سب انسپکٹرز ، 38 اے ایس آئی ، 56 ہیڈ کانسٹیبل اور 496 سپاہی شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق محافظ فورس 611 اہلکاروں پر مشتمل ہے ۔ جس میں ایک اے ڈی آئی جی ، ایک ڈی ایس پی ، 13 انسپکٹرز ، 44 سب انسپکٹرز ، 34 اے ایس آئی ، 92 ہیڈ کانسٹیبل اور 326 سپاہی شامل ہیں ۔