لاہور(نیوزڈیسک )ٹیوٹا کے چیئرمین عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب زراعت اورلائیو سٹاک کے وسائل سے مالامال ہے اس زون کو ایمبرائیڈری اور ہینڈ میڈمصنوعا ت میں مہارت حاصل ہے اس حوالے سے خواتین کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، ان مصنوعات کی جدید فنی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ مارکیٹنگ کی اشدضرورت ہے جس کو پورا کرنے کیلئے ٹیوٹا بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان مصنوعات کو دنیا بھر میں مزید پذیرائی حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سافٹ امیج کو دنیا بھر میں سامنے لایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیوٹا اور سدرن پنجاب ایمبرائیڈری انڈسٹریز ملتان کے ساتھ معاہدے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیئر مین سدرن پنجاب ایمبرائیڈری انڈسٹریز ملتان ناصر سلیم چوہدری نے معاہدے پر دستخط کئے ۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق عام تعلیم کی بجائے فنی تعلیم و تربیت سیکھنا بہت ضروری ہے کیونکہ ہنر سیکھنے والا نوجوان کبھی بے روزگار نہیں رہ سکتا۔مڈل اور میٹرک پاس بچے اور بچیوںکو اپنے مستقبل سنوارنے کا علم ہو نا چائیے۔بیروزگاری کو کم کرنے کیلئے نوجوان نسل ہنر سیکھے کیونکہ ہنرمند بننے کے بعد انہیں روزگار کے یقینی مواقع میسر ہوںگے۔ اگر ہم ٹیکسٹائل ‘ زراعت اور مین پاور ایکسپورٹ کے ذریعے پاکستان کیلئے اربو ںڈالر کما رہے ہیں تو اسکی بنیادی وجہ یہاں ہنر مند افراد کی تیاری ہے۔ چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزیدکہا کہ انڈسٹریل سٹچنگ مشین آپریٹر کورس سدرن پنجاب ایمبرائیڈری انڈسٹریز کے اداروں میں آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا۔یہ کورس انڈسٹری کی ڈیمانڈ پر شروع کیا جا رہا ہے۔ٹیوٹا کورس کیلئے نصاب فراہم کرے گی۔دوران تربیت نوجوانوں کو ٹیوٹا کی جانب سے وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ تربیتی سرگرمیوں کاجائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کی جائےں گی۔ٹیوٹا ان کورسز میں ٹریننگ کے دوران تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ کامیاب امیدواروں کو پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سرٹیفکیٹ فراہم کرے گا۔ سدرن پنجاب ایمبرائیڈری انڈسٹریز زیر تربیت افراد کا انتخاب ،نوجوانوں کوجدیدتربیت فراہم کرنے کیلئے عالمی معیار کے اعلی تعلیم یافتہ تجربہ کار اساتذہ کی خدمات کے علاوہ تربیت کیلئے جدیدمشینری، آلات، فرنیچروغیر ہ بھی فراہم کرے گاجبکہ امتحان کے بعد آن جاب ٹریننگ لازمی ہو گی۔