کابل (نیوزڈیسک)افغان حکومت نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مجوزہ دورہ افغانستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھے گا ۔یہ دورہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے پر امن حل کے بارے میں پاکستان کے وعدوں کا حصہ ہے ۔پاکستان افغانستان میں جنگ ختم کر نے کیلئے تعاون کرے ۔وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے جنرل راحیل شریف کے دورے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس دورے میں دونوں ملکوں کے رہنما سکیورٹی ٗ سرحد پر تعاون اور امن مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کرینگے ٗامید ہے کہ اس مرتبہ پاکستان امن مذاکرات کے بارے میں اپنے وعدے پورے کریگا ۔اس قسم کے دورے سے تشدد کے خاتمے اور افغانستان میں جاری معرکہ آرائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف افغان حکام سے انٹیلی جنس کے تبادلے اور سرحدی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف ملکر کارروائی کر نے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔دوسری جانب سینٹ کے سپیکر کے نائب دوم محمد آصف صدیقی نے کہاکہ افغان حکومت کو طالبان سے بات کر نی چاہیے تاکہ جنگ کا خاتمہ ہو۔اور یہ امن کوششیں ماضی کی طرح ناکام نہیں رہنی چاہئیں