کوالا لمپور(نیوز ڈیسک) اسلامی طرز پر قائم کی گئی ملائشیا کی پہلی ایئر لائن ’رایانی ایئر‘ نے فلائٹ آپریشن شروع کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق رایانی ایئر کی پرواز نے اپنے فلائٹ آپریشن کے پہلے روز کوالا لمپور سے جزیرہ لنگ کاوی تک اڑان بھری۔ فلائٹ میں مسافروں کو مکمل طور پر حلال کھانا پیش کیا گیا، جبکہ جہاز میں سفر کے دوران شراب نوشی کی سخت ممانعت ہے۔ ایئر لائن کے مینیجنگ ڈائریکٹر جعفر زمہاری نے صحافیوں کو بتایا کہ ایئر لائن کی فلائٹ کریو کی مسلم خواتین کے لیے حجاب کرنا ضروری ہے، جبکہ غیر مسلم خواتین بھی مہذب لباس ہی پہن سکتی ہیں۔ پرواز کی اڑان سے قبل سفر کی دعا بھی پڑھی جائے گی۔ جعفر زمہاری کا کہنا تھا کہ ہماری ایئر لائن ملائشیا کی وہ پہلی ایئر لائن ہے جس نے متعلقہ انتظامیہ کی ہدایات کی بنیاد پر اسلامی شریعت کے اصولوں کے تحت کام شروع کیا ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ایئر لائن کے آپریشن میں شرعی اصولوں کے نفاذ میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ دنیا میں پہلے بھی ایسی کئی ایئر لائنز موجود ہیں جو اپنے جہاز میں سفر کرنے والے مسلم افراد کے لیے اسلامی طور طریقوں کا خیال رکھتی ہے۔