اسلام آباد (نیوزڈیسک)ترکی نے شمالی عراق کے بعشیقہ فوجی اڈے پر اپنے فوجی دستوں کی موجودگی کے سلسلے میں بغداد کے ساتھ پائی جانے والی غلط فہمی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کردیا ہے ۔ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انقرہ نے امریکی صدر براک اوباما کی درخواست پر عراق سے اپنے فوجی واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ترک وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق نینوی گورنری کی فوجی بیس سے ترک فوجیوں کی منتقلی کا کام جاری رہے گا۔ امریکی صدر براک اوباما نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ترک فوج کو عراق سے واپس بلانے کی اپیل کی تھی۔دسمبر کے آغاز میں ترکی نے بعشیقہ فوجی اڈے پر اپنے سیکڑوں فوجی یہ کہتے ہوئے تعینات کئے تھے کہ یہ اہلکار ایک بین الاقوامی مشن کے تحت عراقی فوج کو تربیت دینے کے لئے عراق آئے ہیں تاکہ انہیں داعش کے خلاف جنگ کے لئے تیار کیا جا سکے۔بغداد نے ترک فوج کی بن بلائی موبلائزیشن کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کی دوٹوک الفاظ میں تردید کی کہ ہم نے ایسی فوج بھیجنے کی درخواست نہیں کی تھی۔