اسلام آباد (نیوزڈیسک) برطانوی ماہرین نے ایسا پیراشوٹ بنایا ہے جس کی مدد سے دل کے مریضوں کی ہارٹ فیل ہونے کی صورت میں موت سے بچایا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پیرا شوٹ کی موٹائی 64 سے 86 ملی میٹر تک ہے جو مختلف جسامت کے قلب میں سماسکتی ہے کیونکہ ہر شخص کا دل ایک جیسا نہیں ہوتا۔اس پیرا شوٹ کو دل کے پمپ کرنے والے مرکزی چیمبرمیں نصب کیا جاتا ہے جہاں کے مسلز کام کرنا چھوڑ چکے ہوتے ہیں اور دل درست انداز میں خون پمپ نہیں کرپاتا۔ ماہرین نے ابتدائی طور پر اس پیرا شوٹ کو 70 سالہ ایک شخص کے دل میں نصب کیا جو دل کے تین خطرناک دوروں کے بعد ہارٹ فیل کے قریب پہنچ چکے تھا۔ اس پیراشوٹ کے اس مریض پر کامیاب نتائج دیکھے گئے اور اسے نصب کرنے میں صرف 20 منٹ کا وقت لگا۔ ماہرین کے مطابق یہ پیراشوٹ ایک مشینی دل کا کام کرتے ہوئے اصلی دل کو قوت دیتا ہے جس سے فوری طور پر دل کے عطیے کی ضرورت بھی کم ہوجاتی ہے۔ یہ آلہ نایٹینول دھات سے بنا ہے جس پر ایک خاص پلاسٹک فلوروپالیمر چڑھایا گیا ہے، یہ آپریشن کے بعد دل کا مردہ یا متاثرہ حصہ ڈھانپ دیتا ہے اور اپنا کام شروع کردیتا ہے، اسے اینجیوپلاسٹی کی طرح ایک ٹیوب سے دل کے اندر پہنچایا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال صرف مخصوص مریضوں پر اس کی آزمائش کی جارہی ہے،اس آپریشن اور پیراشوٹ کا خرچ 15 ہزار پاو¿نڈ ہے۔